معروف بھارتی گلوکارہ الکا یاگنک 'قوت سماعت' سے محروم ہوگئی ہیں۔

  بالی وڈ فلموں کے گانوں میں اپنی آواز کا جادو جگانے والی نامور گلوکارہ الکا یاگنک قوتِ سماعت سے محروم ہوگئیں جس کا انکشاف گلوکارہ نے حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ میں کیا۔


الکا یاگنک نے پیر کے روز انسٹاگرام پر اپنی ماضی کی ایک تصویر شیئر کی جس پر طویل کیپشن درج کیا، انہوں نے  اپنے ساتھیوں، مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ' چند ہفتے پہلے جب میں اپنی فلائٹ سے باہر آئی تو مجھے اچانک محسوس ہوا کہ مجھے کچھ سُنائی نہیں دے رہا'۔




انہوں نے لکھا 'اب کئی دنوں بعد میں ہمت کرکے اس حوالے سے مداحوں کو آگاہ کررہی ہوں کیونکہ کئی لوگ فکرمند تھے کہ میں ٹیلی ویژن سے کہاں غائب ہوں'۔

گلوکارہ نے بتایا کہ میں نے اپنے ڈاکٹر کو تمام صورتحال کے بارے میں بتایا تو انہوں نے میرے اندر ایک بیماری کی تشخیص کی جسے sensorineural hearing loss کہا جاتا ہے، اس مرض میں اکثر مریض ایک کان کی قوت سماعت سے محروم ہوجاتے ہیں جب کہ کچھ مریض دونوں کانوں کی قوت سماعت سے بھی محروم ہوجاتے ہیں، الکا یاگنک نے کہا کہ 'اس مرض کی تشخیص نے مجھے بہت پریشان کردیا ہے لیکن تمام دوستوں سے درخواست کروں گی کہ اونچی آواز میں موسیقی سننے اور بہت زیادہ ہیڈ فون لگانے سے گریز کریں تاکہ آپ کو میری طرح کسی مرض میں مبتلا نہ ہونا پڑے'۔


58 سالہ گلوکارہ نے مزید کہا کہ 'میں اس نازک گھڑی میں اپنے تمام چاہنے والوں کی محبت اور دعاؤں کی شکرگزار ہوں، امید کرتی ہوں کہ میں بہت جلد صحتیاب ہوکر لوٹوں گی'۔


الکا یاگنک کی پوسٹ پر گلوکار سونو نگم سمیت متعدد اداکاروں اور گلوکاروں نے افسوس کا اظہار کیا



Post a Comment

Previous Post Next Post